بنگلورو،4؍فروری (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے کے شپ، ایس ایچ ڈی پی اور کے آر ڈی سی ایل کی جانب سے ترقی کردہ سڑکوں میں سے 1,008کلو میٹر ریاستی شاہراہ کو از سر نو ٹار ڈالنے ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی۔
محکمہ تعمیرات عامہ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بومئی نے یہ ہدایت دی اور کہا کہ سڑکوں کی ترقی کی اسکیموں کو ضرورت کے مطابق اور ٹرافک کو مد نظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جائے اور جاری کردہ گرانٹ کا مکمل استعمال کیاجائے۔
انہو ں نے بتایا کہ ریاست کے مختلف انجینئرنگ محکمہ جات کی یکساں پرائس لسٹ محکمہ تعمیرات عامہ کے تحت جاری کی جارہی ہے جس کے تحت سرکاری عمارتوں کے لئے استعمال اشیاء کی قیمت یکساں مقرر کی جائے گی۔
انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ ریاستی شاہراہ کو ضلع وقومی شاہراہ کے ساتھ رابطہ کار سڑکوں کے طو رپر ترقی دینے سڑکوں کے ماہرین کے ذریعہ منصوبہ تیار کیا جائے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے شری شائلا میں محکمہ کی ملکیت والی زمین پر کرناٹک ہاؤزنگ کامپلکس تعمیر کرنے 45کروڑ کی لاگت سے پہلا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔